ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی میں 60 فیصد سے زیادہ پولنگ، گوامیں 75اوراتراکھنڈمیں 60فیصد ووٹ ڈالے گئے

یوپی میں 60 فیصد سے زیادہ پولنگ، گوامیں 75اوراتراکھنڈمیں 60فیصد ووٹ ڈالے گئے

Tue, 15 Feb 2022 10:37:51    S.O. News Service

لکھنؤ؍دہرادون؍پنجی،15؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)یوپی،اتراکھنڈاورگوا اسمبلی انتخابات 2022 کیلئے پیر کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی۔ یوپی میں دوسرے مرحلے میں 60فی صدسے زیادہ،اتراکھنڈمیں تقریباََ60فیصد پولنگ ہوئی جب کہ گوامیں زبردست جوش دیکھاگیااوروہاں 45فیصد سے زیادہ ووٹنگ ریکارڈکی گئی ہے۔یوپی کے 9  اضلاع کی 55 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ پہلے مرحلے کی طرح اس بار بھی یوپی میں اچھا ٹرن آؤٹ رہا۔ پہلے مرحلے میں 58 سیٹوں پر 60.17فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں شام 5 بجے تک 60.44 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ یوپی کے جن اضلاع میں آج ووٹ ڈالے گئے ان میں امروہہ، بریلی، بجنور، بدایوں، مرادآباد، رام پور، سہارنپور، سنبھل اور شاہجہاں پور شامل ہیں۔ ان سیٹوں پر 586 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔امروہہ میں %66.15،بریلی میں 57.68، بجنور میں 61.44%،بدایون میں 55.98%،مرادآبادمیں 64.52%،رام پورمیں 60.10%،سہارنپورمیں 67.05%،شاہجہاں پورمیں 55.20%ووٹنگ ہوئی ہے۔گوا میں زبردست ووٹنگ ہوئی ہے۔ شام 5 بجے تک 75.29 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ یوپی میں بھی پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی قطار لگی ہوئی ہے۔ ووٹرز میں کافی جوش وخروش ہے۔وارانسی میں سہیل دیو سماج پارٹی کے صدر او پی راج بھر کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ او پی راج بھر اپنے بیٹے اروند راج بھر کی نامزدگی کیلئے ان کے ساتھ تھے۔ اروند راج بھر نے شیو پور اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس دوران وکلاء نے وہاں او پی راج بھر کے ساتھ بدتمیزی کی۔ معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ او پی راج بھر کو فورس بلانا پڑا اور باہر آنا پڑا۔ الزام ہے کہ اس دوران وکلاء نے بدسلوکی بھی کی۔سماج وادی پارٹی کا الزام ہے کہ سہارنپور ضلع کے بیہٹ اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 170 پر وی وی پی اے ٹی مشین میں ووٹ ایس پی کواورپرچی بی جے پی کی نکل رہی ہے۔سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کی ہے۔ ایڈیشنل سی ای او برہم دیو رام تیواری کا کہنا ہے کہ یہ الزام بالکل بے بنیاد پایا گیا ہے۔


Share: